سعودی عرب کے جیزان شہر میں دواخانہ میں لگی آگ سے پچیس افراد جاں بحق اور سو سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کی صبح آگ لگنے کا یہ واقعہ جیزان کے جنرل ہاسپٹل میں پیش آیا ۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ اور امدادی کارکن ہاسپٹل پہونچ گئے اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق جیزان کے جنرل ہاسپٹل میں آئی سی یو وارڈس اور حاملہ خواتین کی
ڈیلیوری کے وارڈس متاثر ہوئے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ مہلوکین میں پانچ پاکستانی بھی شامل ہیں ۔ دیگر مہلوکین کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں ۔ مقامی شعبہء صحت کے عہدیداروں نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ سعودی عرب کی شہری دفاع کے انتظامیہ نے اپنے فیس بک صفحہ پر اطلاع دی ہے کہ نظام کے جنرل ہاسپٹل میں چہارشنبہ اور جمعرات کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق تقریباً ڈھائی بجے آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ہاسپٹل کی پہلی منزل پر آگ لگی تھی اور اس نے دوسرے حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیاتھا ۔ واضح رہے کہ جیزان شہر یمن کی شمالی سرحد کے قریب واقع ھے-